لاہور ہائی کورٹ میں 9 مئی کے واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی گرفتاریوں کا اقدام چیلنج کردیا گیا، لاہور پریس کلب نے عدالت سے رہائی کی استدعا کردی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری نے اظہر صدیق کے توسط سے درخواست کردی۔
درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان آزادی اظہار رائے پر قدغن عائد نہیں کرتا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قوانین کے تحت پیشہ ور صحافیوں کو ذمہ داریاں ادا کرنے کی آزادی ہے، 9مئی واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو گھروں سے گرفتار کیا جا رہا ہے۔
صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری نے اپنی درخواست میں مزید کہا ہے کہ گرفتاری کے دوران چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، عدالت پولیس کو گرفتاریوں سے روکنے اور گرفتار صحافیوں کی بازیابی کا حکم دے۔