انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان ہونے کے بعد اسپنر ابرار احمد کا بیان سامنے آگیا۔
ابرار احمد نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب اسکواڈ میں میرا نام آیا تو سب سے پہلے میں نے اپنی والدہ کو یہ بات بتائی کیوںکہ ماں کے ساتھ الگ ہی لگاؤ ہوتا ہے۔
ابرار احمد کا کہنا تھا کہ شنکیاری مانسہرہ سے تعلق ہے لیکن کرکٹ ساری کراچی میں کھیلی ہے، شروع میں ٹیپ بال سے فنگر اسپن کرتا تھا، پھر راشد لطیف اکیڈمی میں آگیا، میں مینڈس اور مجیب الرحمان کی طرح فنگر اسپن کرتا ہوں ، سنیل نارائن کو بھی دیکھتا ہوں۔
اسپنر نے بتایا کہ مجھے ساتھی کھلاڑی وائٹ بال کا ایکسپرٹ کہا کرتے تھے، لیکن میں ساتھی کھلاڑیوں کو کہتا مجھے ریڈ بال میں آنے دو مجھے روکنا مشکل ہو گا، اور پھر میں نے ثابت کیا کہ مجھے روکنا مشکل ہے، انگلینڈ کے خلاف بھی اسی طرح پرفارم کروں گا جیسے ڈومیسٹک میں کر رہا ہوں۔
ابرار احمد نے بتایا کہ رواں سیزن میں جب شروع کے تین چار میچز میں وکٹیں لیں تو ساتھی کھلاڑیوں نے کہتے تھے کہ میں اسکواڈ میں آؤں گا، سرفراز احمد بھی تم اچھا کھیل رہے ہو تمھارا نام آنے والا ہے، تم اسکواڈ میں کھیلو گے۔
اسپنر ابرار احمد نے مزید کہا کہ اسی طرح چیف سلیکٹر محمد وسیم بھی بولنگ کا پوچھتے رہتے تھے کہ کیسی جا رہی ہے ۔ اس طرح مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ مجھے موقع ملنے والا ہے۔
انگلینڈ کیخلاف قومی اسکواڈ کا حصہ بننے والے ابرار کا مزید کہنا تھا کہ اب میرا نام آیا ہے تو میں ڈومیسٹک کرکٹ کی طرح انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی اچھی پرفارمنس کے لیے پر امید ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوم سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا تھا۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے لاہور میں پریس کانفرنس میں 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، اظہرعلی، سرفراز احمد، فہیم اشرف، حارث رؤف، امام الحق، محمد علی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے
اس کے علاوہ محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود بھی 18 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔