قومی ٹیم کے اسپنر ابرار احمد کی صحت یابی سے متعلق پی سی بی نے اپڈیٹ جاری کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ابرار احمد کی انجری میں نمایاں طور پر بہتری آئی ہے اس کے باوجود اسپنر کا 25 دسمبر کو فٹنس ٹیسٹ ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق ابرار احمد نے فی الحال بولنگ شروع کردی ہے، اسپنر کی انجری کی نوعیت اور ٹیسٹ میچ میں اسپنر سے کام کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے وہ فی الحال تیار نہیں۔
پی سی بی کے مطابق ابرار احمد کے فٹنس ٹیسٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے اُن کی ٹیم میں واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دورہ آسٹریلیا پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی بھی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے اور ان کی جگہ محمد نواز کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے اسپنر نعمان علی کا اپینڈیکس کی تشخیص کے بعد آپریشن کیا گیا، ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نعمان علی آسٹریلیا کے خلاف باقی دونوں ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔ پرتھ ٹیسٹ سے قبل بھی نعمان علی کی انگلی میں کٹ لگ گیا تھا، جس کے باعث وہ پہلا ٹیسٹ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔