پاکستان کے آف اسپنر ابرار احمد کی گراؤنڈ میں آنے کے لیے جلدی دیکھ کر بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب ہنستے رہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں ایک مضحکہ خیز واقعہ دیکھنے میں آیا جب ابرار احمد ٹائم آؤٹ سے بچنے کے لیے پچ تک بھاگ بھاگ کر پہنچے جبکہ شکیب الحسن پاکستانی بیٹر کو دیکھ کر مسکراتے نظر آئے۔
ابرار احمد محمد علی کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے 10ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے میدان میں آئے، تاہم انھیں تھوڑی دیر ہوگئی، ابرار نے شرمندگی سے بچنے کے لیے میدان میں بھاگنے کا فیصلہ کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے۔
آف اسپنر جب پچ کی طرف بڑھ رہے تھے تو ان کا بیٹنگ گلوز زمین پر گر گیا جسے لینے کے لیے ہو واپس پلٹے اور پھر پچ کی طرف دوڑ پڑے جبکہ شکیب شاید ماضی کو یاد کرکے ہنستے نظر آئے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ شکیب الحسن نے دہلی میں 2023 ون ڈے ورلڈ کپ میچ کے دوران سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ کر دیا تھا، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹائم آؤٹ ہونے والے پہلے کرکٹر تھے۔
خیال رہے کہ ہوم گراؤنڈ پر پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس اتنی گراوٹ کا شکار رہی کہ نہ ہی ٹیم کی بولنگ چلی نہ ہی بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بھی ہمیشہ کی طرح کیچز ڈارپ کیے گئے۔
بنگلہ دیش جس نے آج تک اپنے ملک میں کبھی پاکستان کو ٹیسٹ میچز میں شکست نہیں دی تھی، اس نے نہ صرف گرین شرٹس کو ان کی سرزمین پر ہزیمت سے دوچار کیا بلکہ پاکستان کو سیریز میں تاریخی وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا۔