پاکستان کے گلوکار و موسیقار ابرار الحق نے پاکستان کی کامیابی پر حب الوطنی کے جذبات سے بھرا نیا ترانہ ریلیز کردیا ہے۔
22 اپریل کو بھارت نے پاکستان پر سری نگر کے پہلگام میں اپنے سیاحوں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا، پاکستان نے فوری طور پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کی پیشکش کی جسے بھارت نے نظر انداز کر دیا۔
بعد ازاں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا اور بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان پر فضائی حملہ کیا جس کا پاکستان نے بروقت اور موثر جواب دیا اور رات کی تاریکی میں میزائل حملوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 5 جنگی طیارے پاک فضائیہ نے مار گرائے، جن میں جدید طرز کے تین فرانسیسی جنگی طیارے رافیل بھی شامل ہیں۔
لیکن جنگی جنون میں مبتلا بھارت پھر بھی نہ رکا اور اس نے پاکستان کے بڑے شہروں پر ڈرون حملہ کیا جسے پاکستان کی افواج نے نہ صرف ناکارہ کیا بلکہ اس سے جواب میں بھارت کے خلاف آپریشن کیا جس میں پاکستان کو کامیابی ملی۔
پاکستان کے مسلح افواج کے کامیاب آپریشنز کو دنیا بھر نے سراہا جبکہ پاکستانی بھی اپنی فوج کو خراج تحسین پیش کر رہی ہیں تاہم اب ابرار الحق نے بھی اپنے منفرد انداز میں وطن سے محبت کا اظہار کیا ہے۔
ابرار الحق بھارتی جارحیت اور ’آپریشن سندور‘ کو نشانہ بناتے ‘ ہم سچے پاکستانی’ کے عنوان سے ترانہ جاری کیا جس کے بول ’شیروں کی ایک ہی دھاڑ میں، سندور گیا تیرا بھاڑ میں‘ کو کافی پسند کیا جا رہا ہے ۔
گلوکار ابرار الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر ترانے کی آڈیو جاری کی ہے، تاہم فوری طور پر گانے کی ویڈیو جاری نہیں کی گئی، انہوں نے یہ ترانہ 12 مئی کو اپنے یوٹیوب پر جاری کیا ہے۔
تاہم گلوکار نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی جانب سے گائے گئے ترانے کے بول کس نے لکھے اور اس کی موسیقی کس نے ترتیب دی۔