ابوظہبی : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان 114 رنز بنا کر مجموعی طور پر 342 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگ کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے تیسرے دن کے اختتام ہر ایک وکٹ کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے ہیں اس طرح پاکستانی ٹیم کی ویسٹ انڈیز پر مجموعی برتری 342 رنز کی ہو گئی ہے،پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور سمیع اسلم نے کیا۔
ٹیم کو با اعتماد آغاز دینے کے بعد اوپنر سمیع اسلم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ اظہرعلی 52 اور اسد شفیق 5 رنز کے اسکور کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، 342 رنز کی مجموعی برتری کے بعد پاکستان کی جیت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی باﺅلرز نے کالی آندھی کا رخ موڑ دیا اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 224 بناکر فالو آن کا شکار ہو گئی جبکہ پاکستان کو 228 رنز کی برتری حاصل تھی۔
تاہم شاہین اسکواڈ کے قائد نے فالو آن دینے کے بجائے دوسری اننگ کھیلنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستانی اوپبرز بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور پاکستان کھیل کے اختتام تک 114 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
ابوظہبی میں شاہینوں نے پہلی اننگز میں ویسٹ انڈین ٹیم کا ڈبہ صرف دو سو چوبیس رنزپر گول کردیا۔ ویسٹ انڈیز کو فالو آن سے بچنے کیلئے 252 رنز بنانا تھے لیکن یاسر شاہ اور راحت علی کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث ویسٹ انڈیز مطلوبہ رنز نہ بنا سکی۔
پاکستان کو پہلی اننگز میں دو سو اٹھائیس رنزکی برتری ملی اورساتھ ہی فالو آن کرانے کا چانس بھی ملا لیکن کپتان مصباح الحق نے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے پہلی نامکمل اننگز چار آؤٹ ایک سو چھ رنزپرشروع کی توراحت علی نےبلیک ووڈ کو آؤٹ کیا۔ نائٹ واچ مین بشو کی مزاحمت بیس رنز پرجواب دے گئی۔
مزید پڑھیں: ابوظہبی ٹیسٹ کا دوسرا دن : ویسٹ انڈیز نے 4 وکٹ پر 106رنزبنا لئے
یاسرشاہ نے گیبرئل کو آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کا کام تمام کیا، یاسرشاہ نے چار،راحت علی نے تین اور سہیل خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔