دبئی: متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے نئے سال کی آمد پر اندرون ملک کے مسافروں کو ایک ٹکٹ کی قیمت میں دو ٹکٹ جاری کرنے کی پیشکش کردی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اماراتی فضائی کمپنی الاتحاد کی جانب سے مفت ٹکٹ کی پیشکش پر 5 جنوری 2021 سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ، یہ پیشکش بدھ 13 جنوری کو ختم ہوجائے گی۔
الاتحاد کی پیشکش سے سیاح فائدہ اٹھاسکتے ہیں، علاوہ ازیں ویک اینڈ پر کسی نئے شہر کی سیاحت کے شوقین بھی 15 جون 2021 تک ایک مفت ٹکٹ سے استفادہ کرسکیں گے۔
ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق ابوظبی سے استنبول کا ٹکٹ 1790 درہم، ڈبلن کا 3830 درہم جبکہ ٹورنٹو کا ٹکٹ 5790 درہم میں فراہم کیا جارہا ہے، ایک ٹکٹ کی قیمت دے کر دو ٹکٹ حاصل کرنے کی پیشکش اکانومی اور بزنس کلاس دونوں کے لیے ہے۔
ابوظبی سے مالدیپ کے لیے بزنس کلاس کا ٹکٹ 8750 درہم اور استنبول کا ٹکٹ 10370 درہم میں دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق الاتحاد دنیا کی واحد فضائی کمپنی ہے جس نے تمام مسافروں پر یہ پابندی لگائی ہے کہ سفر سے قبل اور ابوظبی پہنچنے پر انہیں پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی طور پر پیش کرنا ہوگا۔