لاہور میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کا سلسلہ تاحال تھم نہ سکا اور اس قسم کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، پولیس روایتی بےحسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق لاہور کے دو علاقوں میں درندہ صفت ملزمان نے خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تاہم پولیس ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کرپائی۔
ایف آئی آر میں لکھے گئے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے سٹی رائیونڈ میں 17سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی گئی اور ملزمان نے اس کی ویڈیو بھی بنائی۔
متن میں بتایا گیا ہے کہ رائیونڈ کی رہائشی لڑکی اپنے چھوٹے بہن بھائی کے ساتھ کسی کام سے جارہی تھی کہ راستے سے بدمان زمانہ بلوڈان گروپ کے کارندے لڑکی کو اسلحہ کے زور پر گاڑی میں اغواء کرکے لے گئے۔
سفاک ملزمان نے مغوی لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی اور اس کی ویڈیو بھی بنائی، تھانہ سٹی رائیونڈ میں متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دوسرے واقعے میں کوٹ لکھپت میں بہنوئی نے شادی شدہ سالی کو جنسی درندگی کا نشانہ بنا ڈالا، ملزم فخرالدین نے بیوی کی بہن کو گھر میں اکیلا پاکر زیادتی کا نشانہ بنایا،تھانہ کوٹ لکھپت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مزید پڑھیں : لاہور میں ایک ہی دن دو خواتین مبینہ زیادتی کا شکار
ذرائع کے مطابق دونوں مقدمات میں مفرور ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ واضح رہے کہ لاہور میں زیادتی کے ایک کے بعد ایک واقعے نے پنجاب پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔