لاہور: احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زاٸد اثاثہ جات انکوائری کیس میں حمزہ شہباز کا بیان جیل میں ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زاٸد اثاثہ جات انکوائری کے معاملے پر سماعت ہوئی۔
ایف آٸی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے حمزہ شہباز کا جیل میں بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت طلب کی اور موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف آمدن سے زاٸد اثاثہ جات کیس کی انکوائری جاری ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز العربیہ اور رمضان شوگر مل سمیت دیگر کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں، کیس کی تفتیش میں حمزہ شہباز کا بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، استدعا ہے کہ حمزہ شہباز اس وقت جیل میں قید ہیں جہاں ان کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دی جاٸے۔
دلائل کے بعد عدالت نے حمزہ شہباز کا جیل میں بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی۔
یاد رہے مسلم لیگ ن کی جانب سے حمزہ شہباز کو کرونا ہونے پر اتفاق اسپتال منتقلی کی درخواست دی گئی تھی، جسے صوبائی محکمہ داخلہ نے مسترد کر دیا تھا۔