اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد روانہ ہوگئے۔

عدالت میں سماعت کے دوران عبدالغنی مجید کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جس میں کہا گیا کہ ملزم کے پروڈیکشن آرڈرجاری ہوئے تھے لیکن وہ بیمار ہیں۔

دوسری جانب حسین لوائی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو ایف آئی اے نے گرفتارکیا تھا، حسین لوائی کومچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا جائے۔

وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حسین لوائی کوبھی آزاد رہ کرٹرائل کا سامنا کرنےکی اجازت دی جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے حسین لوائی کی رہائی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس نیب کومنتقل ہوا ہے توملزمان کی حیثیت بھی برقرار رہے گی، ملزم کی رہائی کی درخواست خارج کی جائے۔

احتساب عدالت نے حسین لوائی اور طٰہ رضا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیسزکی منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، رجسٹرار آفس نے اپیل دائرکرنے کے لیے مزید 2 ہفتے کی مہلت دے دی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپورکی کیس منتقلی فیصلے کے خلاف اپیل دائرنہ ہوسکی۔

بعدازاں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پانچویں مرتبہ پیش ہوئے۔

آصف علی زرداری کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، عدالت کے احاطے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع تھا۔

سپریم کورٹ نے 7 جنوری 2019 کو اپنے فیصلے میں نیب کو حکم دیا تھا کہ وہ جعلی اکاؤنٹس کی ازسرنو تفتیش کرے اور 2 ماہ میں مکمل رپورٹ پیش کرے جبکہ عدالت نے جے آئی ٹی رپورٹ بھی نیب کو بجھوانے کا حکم دیا تھا۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے 20 مارچ کو نیب کی انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوکربیان ریکارڈ کرایا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں