پنجاب کے شہروں ملتان اور لیہ میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے لاشوں اور زخمیوں کا اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پہلا بڑا حادثہ ملتان میں پیش آیا جہاں مظفر گڑھ روڈ پر حسن سوالی چوک کے قریب وین، کار اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں 7 افراد جاں بحق اور اتنے ہی زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق حادثہ موٹرسائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔
زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں فوری طور پر نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی نشتر اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
دوسرا حادثہ لیہ میں عزیز فارم کے قریب ہوا جہسں ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں ٹرالی الٹ گئی۔ ٹرالی تلے دب کر تین سگے بھائیوں سمیت چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
لاشوں اور زخمیوں کو ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق چاروں افراد کا تعلق چوک منڈا مظفر گڑھ سے ہے۔