کراچی: ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور اور مردان میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
خیبرپختونخواہ کے ضلع مرادن میں کاٹلنگ روڈ کے قریب ایک حولناک ٹریفک حادثہ ہوا، جس کے باعث ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ماں بیٹا ٹرک کی زد میں آئے جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے مال روڈ جی پی او چوک پر بس اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہوئی جس کے باعث موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا۔
گوجرہ میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 18 سالہ حسیب، 20 سالہ حمزہ شامل ہے، لاشوں اور زخمی کو میو اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے مائی کلاچی روڈ پر ٹریفک حادثہ رونما ہوا جس کی وجہ سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور ساتھی زخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار افراد تیز رفتار گاڑی کی زد میں آئے، جاں بحق شخص کی فہد اور زخمی کی حسنین کے نام سے شناخت ہوئی۔