بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

رمضان شوگرملزکیس : شہباز شریف اورحمزہ شہباز پر 16 مارچ کو فردجرم عائد کئے جانے کا امکان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : رمضان شوگر ملزریفرنس میں شہباز شریف اورحمزہ شہباز پر 16 مارچ کو فردجرم عائد کئے جانے کا امکان ہے،کیس میں التوا نہ ملنے پرشہباز شریف کے وکیل عدالت سے بدتمیزی پر اتر آئے، جس پر جج نے کہا آپ جوکررہے ہیں ،ایک ایک لفظ رپورٹ ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی  احتساب عدالت میں رمضان شوگرملزکیس کی سماعت ہوئی ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کہا ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم کی جائیں، نائب صدر لاہور بار نے بتایا کہ شہباز شریف کے وکیل سپریم کورٹ میں ہیں، وکیل موجود نہیں اس لئے سماعت ملتوی کی جائے۔

وکلا نے کہا عدالت آج سماعت ملتوی کرے آئندہ سماعت پرنقول تقسیم کی جائیں ، نیب نےبہت سی اصل دستاویزات پیش نہیں کیں، عدالت حکم دےاصل دستاویز لگائی جائیں، اصل دستاویزات لگانے کے بعد مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے۔

جس پر فاضل جج نےسماعت ملتوی کرنےکی استدعامسترد کردی اور کہا شہبازشریف کےوکیل موجودنہیں توکیادوسرےملزمان کے وکلا موجود ہیں، سماعت ملتوی نہیں ہوگی گواہوں کی شہادتیں ریکارڈ ہونی ہیں۔

سماعت ملتوی نہ کرنے پر فاضل جج اور وکلامیں تلخ کلامی بھی ہوئی ۔

سینئرنائب صدربار کا کہنا تھا کہ آپ سماعت ملتوی کریں شہبازشریف کےوکیل موجودنہیں، جس پر عدالت نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا آج آپ کہہ رہے ہیں کل دوسرےملزمان کےوکلا درخواست دے دیں گے، آپ جوعدالت میں کر رہے ہیں وہ ایک ایک لفظ رپورٹ ہو رہا ہے۔

ایک موقع پر وکلا صفائی نے جب یہ استدعا کہ شہباز شریف کی طبیعت خراب ہےان کوجانےدیاجائے، تو عدالت نےشہبازشریف کوکرسی پربیٹھنےکی اجازت دےدی۔

کیس کی سماعت16 مارچ تک ملتوی کر دی اور شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کر دی گئیں، آئندہ سماعت میں شہباز شریف اورحمزہ شہباز پر فردجرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے رمضان شوگرملزریفرنس میں شہباز شریف اوران کےصاحبزادے حمزہ شہباز کو آج طلب کر رکھا تھا ، ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نامزد کیا گیا ہے۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ ملزمان نےرمضان شوگرملزکےلئے10کلومیٹرطویل نالہ بنوایا، شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ اختیارات کا ناجائزاستعمال کیا اور اپنے خاندان کی مل کو فائدہ پہنچانے کے لئے عوامی مفاد کا نام لیا۔

ریفرنس کے مطابق شہباز شریف کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے کو 213 ملین کا نقصان ہوا، سرکاری خزانے کا نقصان شہباز اور حمزہ شہباز کی ملی بھگت سے ہوا، اتنے شواہد موجود ہیں کہ ریفرنس دائر کیا تاکہ کیس چلایا جا سکے۔

مزید پڑھیں : رمضان شوگر ملز ریفرنس ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 4 مارچ کے لئے نوٹس جاری

نیب ریفرنس میں کہا گیا حمزہ شہباز کے خلاف انکوائری جاری ہے، مکمل ہونے پر ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ٹرائل جلد مکمل کر کے قانون کے مطابق سزاء دی جائے۔

خیال رہے 2 فروری کو لاہور میں ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کے اجلاس میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس منظوری کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر ارسال کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا، ریفرنس میں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملز حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا، ملزمان پر مبینہ طور پر21کروڑ روپے کی کرپشن کی تحقیقات جاری تھیں۔

واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے۔

خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر برا جمان شہباز شریف اس وقت مختلف کیسز کا سامنا ہے، لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ اوررمضان شوگرملزکیس میں شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے 1 ،1 کروڑ روپے مچلکے جمع کرانے اور رہائی کا حکم دیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں