لاہور : احتساب عدالت نے چنیوٹ میں معدنیات کے غیرقانونی ٹھیکے دینے کے الزام میں گرفتار سابق صوبائی وزیر سبطین خان کو مزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی ٹھیکے دینے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے سابق وزیر جنگلات سبطین خان کو مزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز سکینڈل کیس کی سماعت کی۔
سابق صوبائی وزیر سبطین خان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کی انکوائری رپورٹ چیئرمین نیب کو پیش کر دی گئی ہے۔
عدالت نے سبطین خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں31 جولائی تک توسیع کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔
مزید پڑھیں: نیب نے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا
یاد رہے 14 جون کو نیب لاہور نے صوبائی وزیرجنگلات سبطین خان کوگرفتارکیاتھا، بطین خان پرغیرقانونی ٹھیکوں کاالزام ہے، بعد ازاں وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے گرفتاری کے بعد استعفٰی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کوبھجوادیا تھا۔