کراچی : ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ انہیں ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کا کہناہےکہ ایدھی ہوم میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔
فیصل ایدھی کا کہناتھاکہ میں اور میرے وکیل سٹی کورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد جیسے ہی باہر آئے توڈکیتی کےملزمان نےمجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ڈکیتی کے واقعے کے بعد بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔
فیصل ایدھی نے اپنے وکیل کے ہمراہ متعلقہ پولیس اسٹیشن جاکر دھمکی کے خلاف شکایت درج کرادی۔
مزید پڑھیں:ایدھی سینٹرمیں 5 کلوسونا اورلاکھوں روپے کی ڈکیتی
یاد رہے کہ 19 اکتوبر 2014 کو 8 مسلح افراد نے میٹھادر کے ایدھی ہوم میں داخل ہوکر عملے کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا تھا اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی نقد رقم، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
واضح رہےکہ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سماعتوں سے صرف چند ملزمان عدالت میں پیش ہورہے ہیں جبکہ کچھ طبی بنیادوں پر عدالت نہیں آتے۔