کراچی: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکارکی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم کو 8 سال کے بعد گرفتار کرلیا ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے 30 پستول بھی برآمد ہوئی ہیں، تاہم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اعجازکالا ساتھیوں سمیت ٹریفک اہلکار کی شہادت میں ملوث ہے، ملزم پرقتل، اقدام قتل، دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔
ٹریفک پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث ملزم 8 سال کے بعد گرفتار
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم نے 2014ء میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکار محمد منشاء کو نشانہ بنایا تھا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ محمد منشاء ساتھی اہلکاروں سمیت ٹریفک سگنل چورنگی نمبر 1 ناظم آباد میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ ڈیوٹی کے دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان لیاقت آباد ڈاک خانے کی جانب سے آئے، پیچھے بیٹھے ملزم نے پستول نکالی اور محمد منشاء کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے دوران ایک رکشہ ڈرائیور کو بھی گولیاں لگی تھی، دہشتگردی کے اس واقعہ میں محمد منشاء اسپتال میں ہی شہید ہوگیا تھا۔