کراچی: سرجانی ٹاؤن پولیس نے پولیس اہلکار بن کر لوٹنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار بن کر لوٹنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزم نے تحقیقات کے دوران اہم انکشاف کیا ہے۔
ایس ایس پی مہروز علی کے مطابق گرفتار ملزمان کا 6 رکنی گروہ اندھیرے میں وارداتیں کرتا تھا، دوران تفتیش گرفتار ملزمان ارباز ،جنید نے متعدد گھروں کو لوٹنے کا انکشاف کیا ہے۔
ایس ایس پی مہروز کا کہنا ہے کہ ملزمان رات 4 بجے گھروں میں داخل ہوتے تھے، ملزمان اہلخانہ کو باندھ کر لوٹ مار کرتے تھے، اور ہر واردات میں شناخت چھپاتے تھے۔
ایس ایس پی مہروز علی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان سے پستول، موبائل فون، جیولری، کیش، ایل سی ڈی، ڈی وی آر اور دیگر سامان برآمد کیا ہے، گرفتار ملزمان کیخلاف صرف تھانہ سرجانی میں 9 مقدمات درج ہیں۔