کراچی میں شادی سے انکار پر تیزاب گردی کیس میں عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سیشن عدالت نے 6 سال بعد تیزاب گردی کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے لڑکی پر تیزاب پھینکنے والےسابق منگیتر کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے ملزم پر 10 لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا جب کہ شریک ملزم کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا۔ عدالتی فیصلہ سن کر متاثرہ لڑکی آبدیدہ ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شادی سےانکار پر پولیس اہلکار ذیشان نے لڑکی، بھائی اور بھتیجے پر تیزاب پھینکا تھا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکی چاند رات کو گھر سے مہندی لگوانے کے لئے نکلی تھی۔
چند روز قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شادی سے انکار پر تیزاب گردی کیس میں فریقین کے دلائل سننے کے بعد 2 ملزمان کو عمر قید اور 21،21سال قید کی سزا سنائی۔ ملزمان کو 42،42لاکھ دیت اور 10،10لاکھ روپےجرمانہ بھی اداکرنےکا حکم دیا گیا ہے۔