کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل نے سچل گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دس سیکنڈ میں کسی بھی موٹر سائیکل کا تالا کھولنے والے محبوب گوپانگ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اے سی ایل سی نے سچل مخدوم بلاول شاہ گوٹھ میں کارروائی کے دوران بین الصوبائی لفٹر گروہ کے اہم کارندے کو حراست میں لے لیا۔
اے سی ایل سی کے ایس ایس پی اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ محبوب علی گوپانگ عرف سالار بین الصوبائی گروہ کا سرغنہ ہے جو اے سی ایل سی کو کچھ عرصے سے مطلوب تھا۔
ملزم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ موٹر سائیکل کے تالے کھولنے میں نہایت مہارت رکھتا ہے اور کسی بھی موٹر سائیکل کا تالا محض دس سیکنڈ میں کھول لیتا ہے۔
ایس ایس پی اسد رضا نے کہا کہ ملزم گوپانگ کو چار بار پہلے بھی گرفتار کیا جاچکا ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ وہ کن بنیادوں پر رہا ہوتا رہا۔
اے سی ایل سی کے مطابق بین الصوبائی گروہ کے سرغنہ سے 18 موٹرسائیکلیں بھی بر آمد کرلی گئی ہیں، جنھیں وہ دوسرے صوبے میں بھیج کر فروخت کرنے والا تھا۔
اے سی ایل سی پولیس کی کارروائی : موٹرسائیکلیں چھیننے والے 6 ملزمان گرفتار
ایس ایس پی اسد رضا کا کہنا تھا کہ ملزم سے موٹر سائیکلوں کے چیچز نمبر تبدیل کرنے والی مشین بھی بر آمد ہوئی ہے، ملزم موٹر سائیکلیں بلوچستان میں 18 سے 25 ہزار روپے میں فروخت کرتا تھا۔
اینٹی کار لفٹنگ سیل کے مطابق ملزم نے گلستانِ جوہر بلاک 7 میں بھی واردات کی جس کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم گوپانگ کو بہ آسانی شناخت کیا جاسکتا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔