تازہ ترین

کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کرنے کا منصوبہ ناکام

ساہیوال/راولپنڈی: ساہیوال میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک کارروائی میں جعلی دودھ کی تیاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیم نے پاکپتن روڈ پر جعلی دودھ بنانے والی ایک فیکٹری پر چھاپا مار کر کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے فیکٹری سے 450 کلو خشک پاؤڈر، 140 لٹر کھلا آئل، اور 85 کلو وئے پاؤڈر برآمد کیا، کارروائی میں 32 کلو ویجٹیبل گھی، کیمیکل ڈرمز بھی ضبط کر لیے گئے۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق تھانہ غلہ منڈی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پاؤڈر اور گھی کی ملاوٹ سے دودھ نما سفیدی تیار کی جا رہی تھی، کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے تقریباً 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کیا جانا تھا، اور مضر صحت اجزا سے ہزاروں لیٹر یہ زہریلا دودھ شہر بھر میں سپلائی کیا جانا تھا۔

ادھر راولپنڈی میں ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، راولپنڈی میں 3000 لیٹر جب کہ جہلم میں 1350 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف گیا گیا، فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے اسلام آباد ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ پر ناکے لگا کر 93 ہزار لیٹر دودھ کا معائنہ کیا۔

تلف کیے جانے والے دودھ میں پانی اور مضر صحت اجزا کی ملاوٹ پائی گئی، ضائع کیا جانے والا دودھ جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر 8 سپلائرز کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

Comments

- Advertisement -