اسلام آباد: ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ 6آئل کمپنیوں کو پٹرولیم مصنوعات کے مصنوعی بحران پر شوکاز نوٹس جاری کیے جب کہ کراچی میں 2آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کےخلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔
ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی طلب اور رسدکا تعلق اوگرا کےساتھ نہیں ہے مگر مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایکشن ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تین کمپنیوں کے خلاف ہمیں شکایت ملی تھیں اور انہی کمپنیوں کے خلاف مصنوعی قلت کے ثبوت ملے ہیں اگر آج قیمتیں بڑھ جائیں تو یہ قلت ختم کردیں گے۔
وفاقی کابینہ ملک میں پٹرول کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھایا تھا،وفاقی وزرا نے اجلاس میں استفسار کیا پٹرول بحران کون پیدا کررہاہے؟ اوگراحالیہ بحران میں بحیثیت ریگولیٹرناکام دکھائی دے رہاہے، بعض کابینہ اراکین نے وزیرتوانائی عمر ایوب سے بھی سخت سوالات کئے۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی حالیہ پٹرول کی قلت پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت فیصلوں کا عندیہ دیا اور کہا کہ اوگرا سمیت ذمہ داروں سے رعایت نہیں ہوگی۔