ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

گول گپے والا علاءُ الدین….

اشتہار

حیرت انگیز

یہ فلمی گیت آج بھی ہر خاص و عام میں مقبول ہے اور اکثر بازاروں میں اسے آپ نے ضرور سنا ہو گا، "گول گپے والا آیا گول گپے لایا”….. اس گانے پر فلم میں اداکاری کرنے والے علاءُ الدین کو عوامی اداکار کہا جاتا ہے۔

آج اس ورسٹائل ایکٹر کی برسی منائی جارہی ہے۔ 1920 میں پیدا ہونے والے علاءُ الدین نے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد بمبئی کی فلم نگری کا رخ کیا اور 1942 میں ‘سنجوگ’ نامی فلم سے ان کے کریئر کا آغاز ہوا۔ ان کی وجہِ شہرت ہندوستانی فلم "میلہ” بنی جس میں دلیپ کمار اور نرگس کے ساتھ کام کیا تھا۔

تقسیم کے بعد وہ پاکستان آگئے جہاں ان کی پہلی فلم "پھیرے” کے بعد شہری بابو، محبوبہ، محل، انوکھی، وعدہ، پاٹے خان اور متعدد دوسری فلموں میں کام کیا، لیکن کرتار سنگھ وہ فلم تھی جس میں انھوں نے بے مثال اداکاری کی اور انڈسٹری میں سبھی کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔ ان کی عوام میں مقبولیت بڑھتی چلی گئی۔

اسی طرح فلم مہتاب اور بدنام کے مختلف کردار ان کی پہچان بنے۔ اردو زبان کے علاوہ پنجابی فلموں میں بھی انھوں نے اداکاری کے جوہر دکھائے اور آٹھ نگار ایوارڈز حاصل کیے۔

13 مئی 1983 کو لاہور میں پاکستان کے عوامی اداکار نے ہمیشہ کے لیے زندگی سے منہ موڑ لیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں