اداکار علی خان کا کہنا ہے کہ کراچی سے عشق ہے اس شہر سے بہترین جگہ رہائش کے لیے کوئی نہیں ہے۔
اداکار علی خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی اور ان سے کراچی اور بھارت میں رہائش سے متعلق سوال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ میں کراچی میں پیدا ہوا ہوں اور اس سے بہترین جگہ رہائش کے لیے کوئی نہیں۔
اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ ان کا خاندان دونوں ممالک میں رہتا ہے اور ان کا دونوں شہروں سے گہرا تعلق ہے۔ وہ دونوں ممالک میں کام بھی کر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئے اور پھر ممبئی میں اپنے ماموں کے ساتھ رہتے تھے۔ ان کا پاسپورٹ برطانوی ہے اور وہ ان تمام جگہوں سے مانوس ہیں۔
علی خان نے مزید بتایا کہ وہ کراچی میں اپنی اہلیہ سے ملے اور انہیں یہاں کی ثقافت سے پیار ہو گیا اور آخر کار انہوں نے ممبئی کی بجائے کراچی میں رہنے کا انتخاب کیا۔