ہالی ووڈ اور بالی ووڈ انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پاکستانی نژاد برطانوی اداکار علی خان کا کہنا ہے کہ اداکاری کا آغاز 9 سال کی عمر سے کیا۔
اے آر وائی ڈیجٹل کے پروگرام شان سحور میں اداکار علی خان اور ان کی اہلیہ چاندنی سہگل خان نے شرکت کی اور اپنی فنکارانہ زندگی اور کیریر سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اداکاری کا آغاز 9 سال کی عمر میں ایک تھیٹر میں کام کرکے کیا، ان دنوں پڑھائی پر اتنی توجہ نہیں دیا کرتا تھا، ممبئی اسکول میں ہماری ایک اسکول ٹیچر تھیٹر پڑھانے آتی تھیں، میں بعد میں ان کے تھیٹر گروپ کا حصہ بن گیا۔
علی خان نے بتایا کہ پھر اس کے بعد سلسلہ بنتا چلا گیا اور پھر وقت کے ساتھ ساتھ مختلف ڈراموں اور فلموں میں کام کیا۔
یئاد رہے کہ علی خان نے گزشتہ سال 2023 میں بالی وڈ فلم ’دی آرچیز‘ میں کام کیا، اس کے علاوہ 2011 کی مقبول فلم ’ڈان 2‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔
اس کے علاوہ وہ ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی اور جولی والترز کے ساتھ بھی اپنی اداکاری جوہر دکھا چکے ہیں، انہوں نے 2007 کی ہالی ووڈ فلم’اے مائٹی ہارٹ’ میں انجلینا جولی اور عرفان خان کے ہمراہ اداکاری کی تھی۔