کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نوجوان اداکار امیر گیلانی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار عثمان مختار اور اداکارہ صحیفہ جبار خٹک کے بعد اداکار امیر گیلانی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، اداکار کا کہنا تھا کہ میرا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد گھر میں خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
امیر گیلانی کا کہنا ہے کہ میرے لیے یہ وقت بہت مشکل ہے اور اس مشکل گھڑی میں مجھے اپنے تمام چاہنے والوں کی دعاؤں کی بہت ضرورت ہے۔
اداکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کردہ اسٹوری میں ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے اپنے کمرے میں خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے کیونکہ میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
امیر گیلانی نے کورونا کی علامت بتاتے ہوئے کہا کہ ’مجھے کھانے کا ذائقہ محسوس نہیں ہورہا اور سونگھنے کی حس بھی ختم ہوچکی ہے۔‘
انہوں نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے اہلخانہ اور میری جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں کیونکہ آپ کی دعاؤں میں بہت طاقت ہے۔
اداکار نے کہا کہ آپ سب اپنا خیال رکھیں اور میں سوشل میڈیا پر آپ سے رابطے میں رہوں گا۔
واضح رہے کہ امیر گیلانی کا حال ہی میں ڈرامہ اختتام پذیر ہوا ہے، ڈرامے میں ان کے ہمراہ ماورا حسین، عثمان مختار، سارہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔