شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ و ہدایت کارہ سنگیتا کی چھوٹی بہن و اداکارہ حنا رضوی کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔
اے آر وائی ڈٰیجیٹل کے ڈراموں ’قدوسی صاحب کی بیوہ۔‘ ’تیرا وعدہ۔‘ اور ’حبس‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ حنا رضوی اور عمار احمد خان کی شادی کی تقریبات شروع ہوگئیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر حنا رضوی نے رسم مایوں کی خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔
41 سالہ اداکارہ نے ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’الحمدللہ، آج قریبی عزیز اور پیاروں کی موجودگی میں میری رسم مایوں منعقد کی گئی ہے۔‘
حنا رضوی نے ہونے والے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنے شریک حیات عمار احمد خان کے ہمراہ اس نئے سفر کا آغاز کرنے کے لیے بے تاب ہوں، اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں وہ کم ہے جس نے مجھے آپ جیسا جیون ساتھی عطا کیا۔‘
حنا رضوی نے ایک اور پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے ہونے والے شوہر اور ڈیجیٹل کونٹینٹ کرئیٹر عمار احمد خان سے اظہار محبت کرتے ہوئے ’شادی خانہ آبادی‘ کے الفاظ استعمال کئے۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر و ویڈیوز میں انہیں روایتی پیلے جوڑے میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ دولہا میاں نے اس موقع پر سیاہ شلوار قمیض اور سبز ویسٹ کوٹ کا انتخاب کیا ہے۔
رہائشگاہ پر منعقدہ اس تقریب میں شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکاروں نے شرکت کی، جن میں ان کی بہن سنگیتا کے علاوہ معروف اداکارہ غزالہ جاوید، اداکارہ کنول نذر خان اور اداکارہ و ماڈل شیزا ہاشمی شامل ہیں۔