اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

پران: بولی وڈ کا سب سے بڑا ولن

اشتہار

حیرت انگیز

ہندی سنیما میں بطور اداکار نصف صدی تک کام کرنے والے پران کو ‘ولن آف دی ملینیئم’ کہا جاتا ہے۔ وہ ایسے فن کار تھے جن کی مقبولیت آخر برقرار رہی اور کسی ہیرو کی طرح پران نے بڑے پردے پر بحیثیت ولن راج کیا۔

بولی وڈ کے معروف اداکار پران 1998ء میں فلم انڈسٹری سے دور ہوگئے تھے۔ اس کی وجہ بڑھتی ہوئی عمر کے سبب مسائل اور دل کا عارضہ تھا۔ 12 جولائی 2013ء کو اداکار پران چل بسے تھے۔

اداکار پران کے باررے میں مشہور ہے کہ وہ اپنے دور میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے چند فن کاروں میں سے ایک تھے۔ یہ تک کہا جاتا ہے کہ 1969ء کے بعد فلموں میں ان کی مقبولیت کے بعد انھیں ہیرو سے زیادہ معاوضہ آفر کیا جانے لگا تھا۔ اداکار پران نے 350 سے زائد فلموں میں مختلف کردار ادا کیے۔

بھارت کے اس مشہور فلمی اداکار کا پورا نام پران کرشن سکند تھا جو پرانی دہلی کے علاقے بلی ماراں میں 12 فروری 1920ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد سول انجینیئر تھے جن کا قیام سرکاری کاموں‌ کی غرض سے مختلف شہروں میں رہا۔ تعلیم کے شعبے میں پران نے بڑی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، وہ ریاضی کے مضمون میں طاق تھے اور اس مضمون میں خاص مہارت رکھتے تھے۔ اداکار پران نے 1945ء میں شکلا اہلووالیا سے شادی کی، وہ دو بیٹوں اور ایک بیٹی کے باپ تھے۔ عملی زندگی کے ابتدائی دور میں پران نے دہلی میں بطور پروفیشنل فوٹوگرافر کام شروع کیا۔ بعد میں ایک اسکرپٹ رائٹر کے کہنے پر فلم نگری میں‌ چلے آئے، اور تقسیمِ ہند سے قبل لاہور میں اداکاری کا آغاز کیا۔ ان کے فلمی کیريئر کا آغاز بطور ہیرو 1940ء میں فلم ’جٹ یملا‘ سے ہوا۔ لیکن ان کی شکل و صورت، چال ڈھال اور انداز ایسا تھا کہ انھیں ہدایت کاروں نے ولن کے روپ میں‌ پردے پر آزمانا زیادہ بہتر سمجھا اور یوں پران نے اس سمت میں اڑان بھری۔ تقسیمِ ہند کا اعلان ہوا تو پران بمبئی کی فلمی صنعت سے وابستہ ہوگئے اور جلد ہی جگہ بنالی، فلم بین واقعی ان کے منفی روپ سے نالاں اور بطور ولن ان کے عزائم اور ارادوں سے متنفر نظر آتے تھے۔ لیکن صفِ اوّل کے ولن پران نے اسی روپ میں‌ مزاحیہ اداکاری بھی اس طرح کی کہ ولن کے کیریکٹر کو ایک الگ پہچان ملی۔

اداکار پران نے فلم ضدی، بڑی بہن، میرے محبوب، زنجیر کے علاوہ کئی سپرہٹ فلموں میں ولن کا رول ادا کیا اور امیتابھ بچن اور سپر اسٹار کا درجہ رکھنے والے کئی اداکاروں کے ساتھ کام کرکے اپنا لوہا منوایا۔ انھوں نے ہندی سنیما کی دھوم مچا دینے والی فلم ڈان، امر اکبر انتھونی اور شرابی میں بھی کردار ادا کیے تھے۔ اسی طرح دلیپ کمار کی فلموں دیوداس، مدھومتی، دل دیا درد لیا، رام اور شیام اور آدمی میں بھی بطور ولن پران کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا۔

آواز میں انفرادیت اور مکالمے ادا کرنے کا انداز بھی بطور ولن پران کی اس قدر مقبولیت کی ایک وجہ تھا۔ انھوں نے مار دھاڑ کرنے والے، ایک بدمعاش، قاتل اور چور اچکے کا ہی کردار نہیں نبھایا بلکہ ایک نیک سیرت اور رحم دل انسان کے طور پر بھی ناظرین کے سامنے آئے اور ان مضبوط کرداروں میں پران کی شان دار پرفارمنس نے شائقین کو ان کا مداح بنا دیا۔

فلم اور شوبزنس انڈسٹری کے علاوہ سرکاری سطح پر بھی پران کو اعزازات سے نوازا گیا اور فنِ اداکاری میں ان کی بے مثال پرفارمنس کو تسلیم کیا گیا۔ سنہ 1997 میں انھیں لائف ٹائم ایوارڈ دیا گیا اور بعد میں ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ دیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں