پیر, جون 17, 2024
اشتہار

اداکارہ صحیفہ جبار کی خودکشی کی کوشش؟

اشتہار

حیرت انگیز

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے انسٹاگرام پر ذہنی مسائل کا شکار ہوکر خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے۔

اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کیں جس میں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا، اپنی ذہنی حالت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

اداکارہ صحیفہ جبار نے کہا کہ ’ اس دنیا کو میں نے کبھی بھی اتنا رحم نہیں پایا لیکن ہماری زندگی میں چند ایسے دوست ہوتے ہیں جنہیں ہم اپنے مشکل وقت میں کال کرسکتے ہیں اور وہ ہماری مدد کے لیے فوراً ہمارے پاس موجود ہوتے ہیں‘۔

- Advertisement -

’انتہائی مشکل زندگی گزار رہی ہوں‘ صحیفہ جبار کا ذہنی مسائل کا اعتراف

اداکارہ نے کہا کہ ’ میں اپنے اس دوست کا نام نہیں لوں گی لیکن کچھ روز قبل میں نے اپنے ایک دوست کو فون کیا اور کہا کہ میں نے خودکشی کرنے کے لیے گولیاں کھالی ہیں‘۔

اداکاہ نے بتایا کہ ’ میرے شوہر پاکستان میں موجود نہیں ہیں، مجھے کسی کی ضرورت ہے، جو مجھے اس خوف سے نکال سکے، یہ بہت خطرناک اور درد ناک تھا‘۔

صحیفہ جبار نے کہا کہ ’میری باتیں سُن کر میرے دوست فوراً میرے گھر آگئے اور پھر جب میری حالت بہتر ہوئی تو میں نے سوچا کہ اگر میرے دوست نہیں آتے تو میں اپنے ساتھ کچھ بھی غلط کرسکتی تھی‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر میرے شوہر خضر میرے پاس ہوتے تو شاید بہتر محسوس کرتی لیکن جب میں کینیڈا میں شوہر کے ساتھ تھی تب بھی میری ذہنی صحت خراب ہوگئی تھی، میں ہر وقت خوف میں مبتلا رہتی ہوں، ایسا لگتا ہے کہ میں اپنے ساتھ کچھ کرلوں گی‘۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کیمرے کے سامنے اپنی ذہنی حالت کے بارے میں بتاتے ہیں تو لوگ کمنٹ سیکشن میں تنقید کرتے ہیں کہتے ہیں کہ ایکٹنگ کررہی ہو، لوگوں کا توجہ حاصل کرنے کا اچھا طریقہ ہے، اس طرح کہتے ہیں۔

صحیفہ جبار نے کہا کہ ’اس طرح کیمرہ آن کرکے اپنے بارے میں بات کرنا آسان نہیں ہوتا، اس طرح کرنے سے آپ سب سے زیادہ کمزور نظر آتے  ہیں، یہ دنیا بہت بے حس ہوچکی ہے، اس طرح سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر کسی کو اپنی تکلیف بتاؤ تو وہ آگے سے مذاق اڑاتے ہیں‘۔

اُنہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت جو کچھ چل رہا ہے وہ بہت تکلیف دہ ہے، میں کوشش کرتی ہوں کہ ایسی ویڈیوز نہ دیکھوں لیکن میرے سامنے غزہ کی دردناک ویڈیوز آجاتی ہیں اور پھر بہت دُکھ ہوتا ہے کیونکہ میں بے بس ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ میں اُمید کرتی ہوں کہ ایک دن یہ دُنیا ہر ایک کے لیے بہتر جگہ بن جائے جہاں زیادہ مسکراہٹ اور کم آنسو ہو، میں چاہتی ہو بچے کھیل کے میدان میں بے خوف کھیلیں، میری خواہش ہے کہ دل سکون سے بھر جائے‘۔

اداکارہ کی اس ویڈیو کے بعد مداحوں اور خیر خواہوں نے ان کی حمایت کی ہے اور اس پر زور دیا کہ وہ اس مشکل وقت میں مضبوط رہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اداکارہ صحیفہ نے ایک انسٹاگرام اپنی ذہنی مسائل سے متعلق ایک اسٹوری شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ میں انتہائی مشکل زندگی گزار رہی ہیں، نہ ٹھیک سے سو پاتی ہیں اور نہ ہی پرسکون ہیں۔

انسٹاگرام کی اسٹوری میں اداکارہ  نے کہا تھا کہ ہر روز میں اپنی موت کی تمنا کرتی ہوں، گزشتہ 60 دنوں سے کوئی ایسا دن نہیں گزرا جس میں میں روئی نہ ہوں، زندگی کے اس مشکل دور میں میرا 12 کلو وزن کم ہوگیا ہے، میرے لیے کچھ بھی کھانا مشکل ہوتا ہے، میری فیملی میری ہر ممکن مدد کی کوشش کررہی ہے لیکن یہ میری اکیلی کی جنگ ہے۔

یاد رہے کہ صحیفہ جبار خٹک نے 2020 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’لوگ کیا کہیں گے‘ میں ’میرب‘ کا کردار نبھایا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں