کراچی : اداکارہ ہانیہ عامر نے اشنا شاہ سے اظہار یکجہتی کےلیے گلوکاری شروع کردی، اداکارہ کی گاناگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق شوبز اندسٹری میں انتہائی کم وقت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر نے گلوکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا۔
ہانیہ عامر نے اپنی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ اشنا شاہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
ویڈیو میں ہانیہ عامر گٹار بجا کر انگریزی کا ایک گانا گن گنانے کی کوشش کررہی تھیں۔
ہانیہ نے اداکارہ اشنا کو مخاطب (مینشن) کر کے لکھا کہ ’میں نے یوٹیوب پر دو گھنٹے سے زائد گانا گایا، تم میری آواز سے مایوس نہ ہونا‘۔
اشنا شاہ نے ہانیہ عامر کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک صورت میں جب مجھ سے ملاقات ہو تو مجھے بھی گانا سنانا پڑے گا‘۔
واضح رہے کہ معروف اداکارہ اشنا شاہ اور گلوکارہ حدیقہ کیانی کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جھڑپ چھڑگئی تھی، اشنا شاہ نے ٹویٹر پر کہا تھا کہ ہمارے پاس آئمہ بیگ اور قرۃ العین بلوچ کے علاوہ باقی خواتین گلوکارائیں اوسط درجے کی ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک ڈرامے کے ٹائٹل سانگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جسے حدیقہ کیانی نے گایا ہے۔
اشنا شاہ اور حدیقہ کیانی کی لفظی جھڑپ کیسے ختم ہوئی؟
اشنا کے اس ٹویٹ پر معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ اشنا کی معلومات میں کچھ اضافہ کیا جائے اور پاکستان کی دو درجن سے زائد نامور و مشہور گلوکاراوٗں کے نام بتائے جس میں عابدہ پروین کا نام سرفہرست تھا۔