بھارت کی مشہور کاروباری شخصیت گوتم اڈانی کے اڈانی گروپ کو صرف 6 گھنٹوں میں کھربوں روپے کا زبردست جھٹکا لگا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز شیئر مارکیٹ میں زبردست افراتفری میں اڈانی گروپ کے 11 کھرب روپے ڈوب گئے اور 6 گھنٹے کے کاروبار کے بعد اڈٓانی گروپ کی رجسٹرڈ 10 کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیویشن 1.12 لاکھ کروڑ (11 کھرب بھارتی روپے سے زائد) کم ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز صبح سے ہی مختلف کمپنیوں کے شیئرز کی قدر گر رہی تھی اور بی ایس ای انڈیکس تو 1100 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا اور شام کو بھی ٹریڈنگ ختم ہونے کے وقت 906 پوائنٹس گر کر بند ہوا۔ شیئر مارکیٹ میں چلنے والی مندی کی اس آندھی میں گوتم اڈانی کے اڈانی گروپ کی فہرست بند کمپنیوں کے شیئر بھی دھواں بن کر اڑ گئے۔
سب سے زیادہ گراوٹ اڈانی ٹوٹل گیس کے شیئر میں دیکھنے کو ملی۔ اس کمپنی کے شیئر کی قیمت 9.50 فیصد گر گئی۔ اس کے علاوہ اڈانی گرین انرجی کے شیئر کی قیمت 9.07 فیصد، اڈانی انرجی سالیوشنز کے شیئر کی قیمت 8.54 فیصد، این ڈی ٹی وی کے شیئر کی قیمت 7.92 فیصد اور اڈانی پورٹس کے شیئر کی قیمت 6.97 فیصد تک گر گئی۔
اڈانی گروپ کی دیگر کمپنیوں میں اڈانی انٹرپرائزیز کے شیئر میں 6.91 فیصد، اے سی سی کے شیئر میں 6.87 فیصد، اڈانی پاور کے شیئر میں 4.99 فیصد، امبوجا سیمنٹس کے شیئر میں 4.58 فیصد اور اڈانی ولمر کے شیئر میں 4.25 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔ ان سبھی کا مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن (ایم کیپ) بدھ کے روز 112780.96 کروڑ روپے (11 کھرب، 27 ارب، 80 کروڑ، 96 لاکھ) کم ہو گیا۔
شیئر مارکیٹ کے کاروبار سے وابستہ ذرائع کے مطابق یہ حالیہ چند سالوں میں شیئر بازار میں ایک ہی دن میں آئی چند بڑی گراوٹوں میں سے ایک ہے۔