اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے بیس کروڑ ڈالر قرض کا اعلان کردیا ، رقم سے بجلی تقسیم کے نظام کو جدید بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں بجلی تقسیم کا نظام جدید بنانے کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض منظور کرلیا۔
اے ڈی بی نے کہا کہ لیسکو،میپکو اورسیپکو کے انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی اور ڈسکوزکی قابل بھروسہ بجلی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
اعلامیے میں کہنا تھا کہ پاکستان کی بڑھتی بجلی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے مدد فراہم کی جائے گی اور رقم سے بجلی تقسیم کے نظام کو جدید بنایا جائے گا اور نقصانات کو کم کیا جائے گا۔
اے ڈی بی نے کہا کہ منصوبے سے بجلی نقصانات میں کمی سے شعبے کے مجموعی نقصانات میں خاصی کمی ہوگی اور گرڈ سے بجلی فراہمی سے کاروباروں کو بڑی سہولت حاصل ہو گی ساتھ ہی بجلی کے ترسیلی نقصانات کم کرنے اور انفرااسٹرکچر بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
منصوبہ کے تحت 3 لاکھ 32 ہزار ایڈوانس میٹرز لگائے جائیں گے اور منصوبے سے ڈسکوز کو اصل وقت میں بجلی استعمال اور گرڈ کارکردگی کا ڈیٹا میسر ہو گا۔
اعلامیے کے مطابق منصوبے سے تینوں ڈسکوز کی آن لائن ٹرانسفارمر مانیٹرنگ کی جا سکے گی، سیپکو کے چار 66 کلو واٹ گرڈ اسٹیشنز کو 132 کلو واٹ پر منتقل کیا جائے گا، لیسکو میں 25 گرڈ اسٹیشنز کو جدید بنایا جائے گا ساتھ ہی تقسیم کےنظام کواپ گریڈکرنےسےنقصانات میں کمی اوربل وصولی میں اضافہ ہوگا۔