پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

قومی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ، کراچی ٹیسٹ جیتنا چیلنج بن گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے بعد اب فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق انگلینڈ پاکستان کی سرزمین پر 22 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیت چکا ہے اور اسے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ہفتہ 17 دسمبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔

قومی ٹیم کو وائٹ واش کی ہزیمت سے بچنے کراچی ٹیسٹ میں ہر حال میں فتح حاصل کرنا ہوگی تاہم آغاز سے قبل ہی قومی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے بعد فاسٹ بولنگ کا بوجھ اٹھانے والے نوجوان بولر نسیم شاہ بھی انجری کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

پی سی بی نے نسیم شاہ کے کراچی ٹیسٹ نہ کھیلنے کی تصدیق کردی ہے وہ کندھے کی انجری کے باعث تیسرا ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکیں گے اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ری ہیب کریں گے۔

نسیم شاہ کے میچ سے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم منیجمنٹ نے نسیم شاہ کے متبادل کی درخواست کر دی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں زخمی ہوکر انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔

پنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے حارث رؤف جو قومی ٹیم کا مستقل حصہ ہیں وہ ڈیڈ پچ پر کھلائے جانے کے باعث ان فٹ ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے۔

اس کے بعد ملتان ٹیسٹ میں نسیم شاہ کندھے کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے اور انجری بڑھ جانے کے باعث وہ بھی ٹیم کو منجدھار میں چھوڑ گئے ہیں۔

پاکستان کے تین ٹاپ فاسٹ بولر کے ان فٹ ہونے سے قومی ٹیم کے لیے کراچی ٹیسٹ جیتنا چیلنج بن گیا ہے اور امکان ہے کہ بہترین فاسٹ بولرز کی عدم دستیابی کے باعث اسپن فرینڈلی پچ بنا کر اسپنرز کو میدان میں اتارا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں