رحیم یارخان : ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو گھرمیں گھس کرماریں گے اور کیفر کردارتک پہنچائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران نے شیخ زید اسپتال رحیم یار خان میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر محمد کامران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں،پنجاب پولیس کا بہت بڑانقصان ہواہے، جوانوں کی قربانیاں رائیگاں جانے نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کوگھرمیں گھس کرماریں گے اور کیفرکردارتک پہنچائیں گے،آخری ڈاکو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے بتایا کہ سیکرٹری ہوم اوردیگرصوبائی قیادت بھی پہنچ رہی ہے، پولیس کچے میں کامیاب آپریشن کرچکی ہے، پنجاب اورسندھ کی حکومتوں اوردیگراداروں کےساتھ مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ شر اور کوچ گینگ کے لوگ سندھ سے آئے، ان کے خلاف کارروائی میں سندھ پولیس اور دیگراداروں کی مددلیں گے۔