اسلام آباد : ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے انٹراکورٹ اپیل واپس لینے کی استدعا کردی اور عدالت کو بتایا کہ توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار کی توہین عدالت کارروائی کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔
جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ نے سماعت کی، دوران سماعت نذر عباس نے انٹراکورٹ اپیل واپس لینے کی استدعا کردی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے آپ اپنا دعویٰ واپس لے سکتے ہیں درخواست نہیں، درخواست اب ہمارے سامنے لگ چکی ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا آپ اپنی اپیل کیوں واپس لینا چاہتے ہیں؟ نذرعباس کے وکیل نے بتایا کہ توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا گیا ہے۔
جس پر جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ ایسا تھا تو آپ پہلے بتا دیتے، جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کیا توہین عدالت کارروائی ختم ہونے کا آرڈر آچکاہے؟
نذر عباس کے وکیل نے جسٹس منصور کا فیصلہ پڑھ کر سنایا، جس کے بعد سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس میں اپیل نمٹا دی ، عدالت نے کہا انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے پرنمٹائی جاتی ہے، وجوہات الگ سے جاری کی جائیں گی۔
جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس شاہد وحید نے الگ وجوہات کے نکتے پر فیصلے سے اختلاف کیا اور کہا الگ سے وجوہات دینے کی ضرورت نہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا جس علاقہ سےتعلق رکھتا ہوں وہاں روایات کاخیال رکھا جاتا ہے، بدقسمتی سے اس مرتبہ روایات کابھی خیال نہیں رکھا گیا، ہم آرڈر کریں اور فل کورٹ نہ بنے تو ایک اورتوہین عدالت شروع ہوجائے گی۔