کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بلاک 2 سے پولیس موبائل میں عدیل شیخ نامی شہری کے مبینہ اغوا کے کیس میں ورثا نے گلستان جوہر تھانے میں درخواست دے دی ہے۔
مبینہ اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عدیل شیخ کو گھر سے اٹھا کر لے جایا جا رہا ہے۔
درخواست گزار نے کہا ’’میرے بھائی کو 13 جنوری کو اس کے گھر سے غیر قانونی حراست میں لیا گیا، سادہ لباس اہلکار 2 پولیس موبائل اور ایک سفید کار میں آئے تھے، دونوں پولیس موبائل بغیر نمبر پلیٹ کی تھیں، جن پر کسی تھانے کا نام درج نہیں تھا۔‘‘
درخواست گزار کے مطابق غیر قانونی چھاپا مارنے والے افراد ان کے بھائی کو نامعلوم مقام پر لے گئے، بھائی، میں اور میری فیملی کسی غیر قانونی کام میں شامل نہیں رہے۔
گلستان جوہر پولیس کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے، تھانے کا کہنا ہے کہ شیخ محمد علی نے اپنے بھائی عدیل شیخ کے مبینہ اغوا کے حوالے سے درخواست کوریئر کمپنی کے ذریعے بھیجی ہے۔
تھانے کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد گزشتہ روز پولیس نے درخواست گزار سے رابطہ کر کے قانونی کارروائی کے لیے تھانے طلب کیا، درخواست گزار نے آج اپنے وکیل کے ہمراہ گلستان جوہر تھانے آ کر قانونی کارروائی کا کہا تھا، لیکن تاحال درخواست گزار کا انتظار کر رہے ہیں۔