کراچی: ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے لیے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا، اسٹیڈیم کے دورازے میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل بند ہوجائیں گے، شہری ٹکٹ کے ساتھ شناختی کارڈ بھی لائیں۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں رینجرز حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر امیر شیخ نے پی ایس ایل میچز کے انعقاد پر شہر قائد کے مکینوں کو مبارک باد پیش کی۔اُن کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میچز کا انعقاد سندھ پولیس، رینجز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کراچی میں مختلف آپریشنز چل رہے ہیں، پی ایس ایل کے حوالے سے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا مگر یہ ابھی حتمی نہیں ہے ضرورت پڑنے پر اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے لاہورمیں شیڈول تمام میچزکراچی منتقل
اُن کا کہنا تھا کہ 50 کے قریب ایس پیز، 800 خواتین اور 13 ہزار پولیس اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف تعینات ہوں گے،اطراف میں سے سی سی ٹی وی کیمرے بھی اپ گریڈ ہوگئے اور اس حوالے سے مانیٹرنگ روم بھی بنا دیا گیاہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کو محفوظ بنانے کےلیےہم نےریہرسل بھی کی جبکہ محکمہ صحت،کےالیکٹرک سمیت تمام اداروں سے مسلسل رابطے میں بھی ہیں۔
اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے ایڈیشنل آئی جی کا پیغام
ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ مخصوص پوائنٹس سے شہریوں کو اسٹیڈیم لانے کے لیے شٹل سروس کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں سفر کرنے کے لیے ٹکٹ اور شناختی کارڈ لازم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4: کراچی شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، ہیلتھ ایکشن پلان بھی تیار
اسی سے متعلق: پی ایس ایل 4: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں عروج پر، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم فعال
اُن کا کہنا تھا کہ میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل میچ کے دروازے بند کردیے جائیں گے، شہری زحمت سے بچنے کے لیے دی جانے والی ہدایات پر ضرور عمل کریں اور اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔