مانچسٹر: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عادل رشید نے کہا ہے کہ انھیں پاکستان میں کھیلنے کی خواہش ہے، پاکستان میں پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کیا، عادل رشید کا کہنا تھا کہ انھیں پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد پر خوشی ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آیند ہے، پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھے گا۔
انگلش ٹیم کے لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو کرکٹ کا جنون ہے، اُن کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، میں پاکستان جا کر کرکٹ کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوں، میرے دوست معین علی پی ایس ایل میں کھیل رہے ہیں، میں اپنی کمی کو محسوس کر رہا ہوں، خواہش ہے کہ اگلے سیزن میں میں بھی کھیلوں۔
محمد عامر سے ڈیل اسٹین نے کیا کہا؟
عادل رشید نے کہا کہ میں ملتان سلطان کو سپورٹ کر رہا ہوں، مجھے بابر اعظم کی بیٹنگ کا انداز بہت پسند ہے، انگلینڈ کی ٹیم سے جوز بٹلر میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، سعید انور، انضمام الحق اور یونس خان کے کھیلنے کے انداز سے متاثر ہوں، اگر انگلینڈ کے علاوہ کسی ٹیم کی کپتانی کا موقع ملے تو پاکستان کی ٹیم کا کپتان بننا پسند کروں گا، پاکستان میرا اپنا ملک ہے اور اس کے لیے کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان جانا بہت پسند کرتا ہوں، خوب صورت اور محفوظ ملک ہے، میرے والدین میرپور آزاد کشمیر میں پیدا ہوئے، آزاد کشمیر بہت خوب صورت علاقہ ہے، بہ طور پاکستانی نژاد انگلینڈ کی ٹیم تک پہنچنا بہت کٹھن تھا لیکن ناممکن نہیں تھا، بہت زیادہ محنت کرنا پڑی، اگر آپ زندگی میں مثبت سوچ رکھ کر محنت کریں تو اللہ آپ کو کامیابی ضرور دیتا ہے۔