اسلام آباد : بلدیاتی انتخابات کے التواء سے متعلق الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر اہم مطالبہ کردیا، مقامی حکومتوں کے خاتمے سے قبل اقدام اٹھانے کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکومت سے آرٹیکل 140 اے میں ترمیم کی سفارش کی ہے، ادارے کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 219 میں بھی ترمیم کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیم ضروری ہو تو مقامی حکومتوں کی مدت سے قبل کی جائے، مجوزہ آئینی ترمیم ایسے وقت کی جائے کہ مدت پوری ہونے پر 4 ماہ میں بلدیاتی الیکشن ہوسکیں، ترمیم مقامی حکومتوں کے ختم ہونے سے ایک سال پہلے کی جائے۔
اس حوالے سے ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا التواء رکوانے کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جائے اور اگر لوکل باڈیز کی مدت ختم ہونے میں3 ماہ رہ جائیں تو ایکٹ تبدیل نہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایکٹ میں تبدیلی کے بعد ہماری تیاریاں ضائع ہوجاتی ہیں، الیکشن کمیشن آئین کے تحت بلدیاتی الیکشن ایکٹ پر عمل درآمد کا پابند ہے۔