کراچی: سپریم کورٹ کے حکم پر شہرِ قائد میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے سلسلے میں انتظامیہ نے متحرک ہو کر ریلوے لائنز پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے سلسلے میں کمشنر کراچی نے ریلوے لائنوں پر قائم تجاوزات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
[bs-quote quote=”سرکلر ریلوے ٹریک کے اطراف میں تجاوزات کا خاتمہ کر کے ٹریک کو بحال کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وسیم اختر” author_job=”میئر کراچی”][/bs-quote]
دریں اثنا میئر کراچی وسیم اختر نے بھی اعلان کیا کہ سرکلر ریلوے ٹریک کے اطراف انسدادِ تجاوزات کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے۔
وسیم اختر نے کہا ’ہمارا عزم ہے کہ کراچی کو اس کی اصل شکل میں واپس لائیں گے، محکمہ ریلوے، پولیس اور دیگر اداروں سے رابطے کر رہے ہیں۔‘
میئر کراچی نے مزید کہا کہ ہم مل کر تجاوزات کو ہٹائیں گے اور ریلوے ٹریک کو بحال کریں گے، اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو میرا پورا تعاون، مشینری اور افرادی قوت حاضر ہیں۔
دوسری طرف ریلوے لائنز پر قائم تجاوزات کے حوالے سے جائزہ لینے کے لیے کمشنر کراچی افتخار احمد شلوانی نے ماڑی پور روڈ، وزیر مینشن، شاہ لطیف ٹاؤن اور سائٹ ایریا کا دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سپريم کورٹ کا کراچی سرکلر ريلوے اور ٹرام لائن کو بحال کرنے کا حکم
کمشنر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ ان کے دورے کا مقصد سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق حکمتِ عملی بنانا ہے، سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے جلد آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپريم کورٹ نے کراچی سرکلر ريلوے اور ٹرام لائن کو فوری بحال کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے ريلوے لائن کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کی بھی ہدايت کی۔