اسلام آباد : نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر انتظامیہ نے کسی بھی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر گرین بیلٹ کھود ڈالی، انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پی ٹی آئی نے آج احتجاج کی کال دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں پی ٹی آئی کی ایف نائن پارک سے نیشنل پریس کلب تک احتجاج کی کال کے بعد سی ڈی اے اور انتظامیہ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر گرین بیلٹ کھود دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے اور انتظامیہ نے پریس کلب کے سامنے میدان میں کھدائی کی، ممکنہ دھرنے کے پیش نظر میدان میں کھدائی کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کال پر مبینہ دھاندلی کے خلاف پر امن احتجاج کے لیے کارکنان اسلام آباد کے ایف نائین پارک پہنچ رہےہیں، پولیس کی بھاری نفری پارک کے اندر اور باہر موجود ہے، پی ٹی آئی کی ریلی2 بجے پریس کلب کیلئےروانہ ہوگی۔
خیال رہے اسلام آباد پولیس نے خبردار کیا ہے کہ کسی کوقانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دی جائے گی اور املاک کو نقصان پہنچانےوالوں کےساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنزعلی ناصررضوی کا کہنا ہے نقص امن کا باعث بننے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔