کراچی: تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہم فرزند زرداری کا نمائندہ سمجھتے ہیں، بلاول زرداری صاحب اب بھاشن نہیں کراچی کو حقوق دیں۔
تفصیلات کے مطابق خرم شیرزمان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ملاقات کی، وفدمیں اراکین اسمبلی سعیدآفریدی،شہزادقریشی، شاہنواز جدون اور راجہ اظہر بھی شامل تھے۔
ملاقات میں کراچی کےمسائل اوران کےحل پرگفتگوکی گئی، پی ٹی آئی وفدنےکراچی کےمسائل کےحل کیلئے تجاویز بھی پیش کیں۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ جانناچاہتےتھے 12سال سےکراچی میں تباہی آئی وہ کیسےپوری ہوگی، سندھ حکومت بار بار میئر کوکہتی رہی اب دیکھناہے ایڈمنسٹریٹر کیاکرتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ انکشاف ہوا پانی و سیوریج کا اختیار ایڈمنسٹریٹر کے پاس نہیں، کچرے صفائی کا پوچھا تو وہ بھی ایڈمنسٹریٹرکےاختیارمیں نہیں، غیرقانونی تعمیرات پر ایڈمنسٹریٹر نے کہا وہ بھی میرے اختیار میں نہیں، ٹرانسپورٹ کی بات کی تو کہا وہ بھی اختیارمیں نہیں۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ماموں بنا دیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کہتےہیں میں پارک اورشہرکی سڑکوں پرلائٹیں لگاؤں گا، ایڈمنسٹریٹر پر رحم آ رہا ہے، جس طرح صوبے کابرا حال ہے وہی حال کراچی کا ہے ہم چاہتے ہیں کراچی میں بلدیاتی نظام مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جو 11 ارب دیئے اس سے ایڈمنسٹریٹر کا تعلق نہیں، میری ہمدردی ایڈمنسٹریٹر کراچی کےساتھ ہے،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نوٹ بنانے کی مشین ہے۔