کراچی: کے ایم سی ٹیکس کی وصولی سے متعلق عدالتی فیصلے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ میں نے دن دیکھا نہ رات ،بس کام کیا، تقریباً ایک سال تک ایڈمنسٹریٹر کراچی رہا ، جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے، آج باضابطہ طورپرایڈمنسٹریٹر کےعہدےسےاستعفیٰ دے رہا ہوں، میں اپنے اس عہدے پرمزید نہیں رہ سکتا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کبھی اختیارات کا نہیں کہا، ہمیشہ کوشش کی اپنے شہر کی بلاتفریق خدمت کرسکوں، مگر تلخ حقیقت یہ ہے کہ میرے ایڈمنسٹریٹر لگنے پر منافقین ناخوش تھے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نیوز کانفرنس کے بعد استعفیٰ وزیراعلیٰ سندھ کو بھیج دوں گا، نیوز کانفرنس میں سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں عہدوں کا محتاج نہیں ہوں یہ میرا شہرہے، چاہتاتو وسیم اخترکی طرح کیفے پیالہ پرکھڑا ہوکرچائےپیتا، میں سڑکوں پررات3، تین بجے پانی نکلواتا رہا۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی بلوں میں کے ایم سی ٹیکس کی وصولی: کراچی کے صارفین کے لیے اچھی خبر آگئی
انہوں نے نام لیکر کہا کہ جب بارشوں میں پانی کھڑاہوتا ہےتو وسیم اختراور حافظ نعیم سےنہیں پوچھتے؟
نیوز کانفرنس میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کھبی اختیارات کا نہیں کہا، کوشش کی کہ اپنے شہر کی بلاتفریق خدمت کرسکوں، نکمے پن کی انتہاہے، میرا ایمان ہےکہ قانون کےمطابق چلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون اجازت دیتا ہےکہ بلدیہ عظمیٰ ٹیکس لگاسکتی ہے، ٹیکس ہوتا ہے تو انفراسٹرکچر بہترہوتا ہے، پی ٹی وی کو ہرماہ 100روپےٹیکس دیتےہیں کسی سیاسی جماعت نے کبھی نہیں بولا، جب آپ انکم ٹیکس ادا کرتےہیں تووفاق سےنہیں پوچھتےکہ اسکےعوض کیادوگے؟ آپ بلدیہ عظمیٰ ،ڈی ایم سی ،کےایم سی سےپوچھتےہیں پانی کیوں نہیں نکالا؟
اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک بلوں میں کے ایم سی ٹیکس کی وصولی روکنے کا حکم دیا تھا، جسٹس حسن اظہر نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ یہ وہی ٹیکس ہے جو کے الیکٹرک بل میں آرہےہیں، صفائی تو ہو نہیں رہی ہے شہر میں، بلوں میں کیوں وصول کررہے ہیں شہری نہ دیں تو انکی بجلی کٹ جائے۔
عدالت نے آئندہ سماعت تک کے الیکٹرک بلوں میں کےایم سی ٹیکس کی وصولی سےروک دیا اور کہا کسی تھرڈ پارٹی سے ریکوری کریں، جسٹس حسن اظہررضوی نے کہا کہ جب آپ ہمیں مطمئن کردیں گےہم اس ٹیکس کوبحال کردیں گے۔