راولپنڈی : چیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات میں ان کے شاندار کیریئر اور ملک و قوم کے لئے خدمات کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا ، جہاں انھوں نے چیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے الوداعی ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران چیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کے شاندار کیریئر اور اس کے دوران بحری دفاع اور ملک و قوم کے لئے خدمات کو سراہا۔
یاد رہےمسلم لیگ ن کی حکومت نے 2017 میں ایڈمرل محمد ذکا اللہ کی سبکدوشی کے بعد ظفر محمود عباسی کو پاک بحریہ کی کمان دی تھی، جن کی مدتِ ملازمت 7 اکتوبر 2020 کو ختم ہورہی ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے1981 میں نیول آپریشن برانچ میں کمیشن حاصل کیا،انہیں کمانڈ اینڈ اسٹاف کے مختلف عہدوں کا وسیع تجربہ تھا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کثیرالملکی ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ بھی کرچکے ہیں اورانہیں خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا جا چکا تھا۔