ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت سے نہ جیتنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے روایتی حریف کی جھولی میں ایک آسان فتح ڈال دی اداکار عدنان صدیقی قومی کرکٹرز کی حمایت میں آگے آ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ورلڈ کپ میں گزشتہ روز میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا ہوا۔ میزبان نے ون ڈے ورلڈ کپ کی روایت پر قائم رہتے ہوئے گرین شرٹس کو آسانی سے قابو کرکے یہ اعصاب شکن سات وکٹوں سے جیت لیا۔
اس شکست سے جہاں پاکستان کی بیٹنگ لائن کی پول کھلی وہیں ناقدین کے منہ بھی کھل گئے اور چہار اطراف نے تنقید کے تیر برسائے جانے لگے تاہم ایسے میں کچھ لوگ قومی کرکٹرز کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔
قومی کرکٹرز کی حمایت میں سامنے آنے والوں میں ایک نام سینیئر اداکار عدنان صدیقی کا ہے جنہوں نے اس شکست کے بعد گرین شرٹس سے اظہار یکجہتی کے لیے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کیا ہے۔
عدنان صدیقی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ سب کی طرح میں بھی پاکستان کی شکست پر مایوس ہوں لیکن ہمیں اپنے لڑکوں کو ایک خوفناک اور مخالف ماحول میں پرفارم کرنے کا کریڈٹ دینا چاہیے۔
اداکار مزید لکھتے ہیں کہ روایتی حریف سے شکست کے بعد شاید ہی کوئی ان کی حوصلہ افزائی کرے لیکن فولاد بننے کے لیے مضبوط اعصاب کی ضرورت ہے۔
عدنان صدیقی نے اپنے ٹویٹ کا اختتام اس جملے سے کیا کہ ’’ہمیں پھر بھی ان سے محبت ہے‘‘۔
Like all of us, am also disappointed today but we must give credit to our boys for performing in an intimidating, hostile environment with hardly any one to cheer for them. Needs nerves of steel. We still love them regardless. #PakVsIndia #CWC2023 pic.twitter.com/tsV5Vr241r
— Adnan Siddiqui (@adnanactor) October 14, 2023
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی شائقین کرکٹ کو تاحال میگا ایونٹ میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے ویزے جاری نہیں کیے ہیں۔
گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے سامنے جہاں بھارتی ٹیم مدمقابل تھیں وہیں قومی کرکٹرز کو ایک لاکھ سے زائد بھارتی شہریوں سے بھی جذباتی مقابلہ کرنا پڑا کیونکہ کئی بار گرین شرٹس کو اسٹینڈز سے مخالفانہ نعروں کا سامنا کرنا پڑا۔