پیر, مارچ 31, 2025
اشتہار

گود لی ہوئی 4 سالہ بچی کو سفاک والدین نے کیوں قتل کیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

اورنگ آباد: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں والدین نے گود لی ہوئی معصوم 4 سالہ بچی کو سفاکی سے قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر میں ضلع اورنگ آباد کے قصبے سلوڈ میں چار سالہ گود لی ہوئی بچی کے قتل کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچی کی موت مار پیٹ اور سر پر کسی بھاری چیز لگنے سے ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ قتل ہونے والی لڑکی کا نام آیت فہیم شیخ ہے، جس کے قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس نے دونوں ملزمان فہیم شیخ ایوب اور فوزیہ شیخ فہیم کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے پہلے سے 4 بچے تھے، تاہم لڑکی کی خواہش میں انھوں نے لڑکی گود لینے کا فیصلہ کیا، اور 6 ماہ قبل جالنا کے شیخ نسیم عبدالقیوم سے 4 سالہ بچی آیت شیخ کو گود لیا۔


شوہر بیوی کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد لاش سے باتیں کرتا رہا


پولیس کے مطابق بدھ کی رات میاں بیوی نے اس لڑکی کو مارا پیٹا، اور لڑکی کے سر پر کسی سخت چیز سے وار کیا، جس سے اس کی جان چلی گئی، میاں بیوی نے اس کی لاش کو چھپکے سے دفنانے کی کوشش کی لیکن پڑوسیوں نے شک ہونے پر پولیس کو اطلاع کر دی۔

پولیس نے لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے، ملزم میاں بیوی نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا کہ انھوں نے لڑکی کو جالنا کے شیخ نسیم سے 5000 روپے میں خریدا تھا، بچی کا سودا جعفرآباد کے ایک مڈل مین کے ذریعے ہوا، جس کے دستاویزات بھی موجود ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو مارنے کی وجہ فی الوقت معلوم نہیں ہو سکی ہے، بچی کو گود لینے کے عمل کی چھان بین کی جائے گی، اگر یہ عمل غیر قانونی پایا گیا تو بچی کے حیاتیاتی والد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے حیاتیاتی والدین نازیہ فیروز خان اور شیخ نسیم عبدل کی طلاق ہو چکی ہے، نسیم نشے کا عادی تھا، بیوی نے طلاق لے کر کسی اور سے شادی کر لی، اس کی 5 بیٹیاں تھیں جن میں سے وہ 4 کو اپنے ساتھ لے گئی، جب کہ سب سے چھوٹی آیت اپنے والد کے ساتھ رہتی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں