پاکستان بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بجٹ تجاویز پیش کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں آباد نے پراپرٹی کی خریداری پر ایڈوانس انکم ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دی اور پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری پر بھی عائد ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
آباد کے نمائندے نے کہا کہ کورڈ ایریا کی بنیاد پر ٹیکس وصولی کا آسان طریقہ کار بحال کیا جائے، پلاٹ ہرعام آدمی کی ضرورت ہے، سیون ای قانون ختم کیا جائے۔
اسٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سےقائمہ کمیٹی کو پری بجٹ تجاویز پیش کی گئیں۔
نمائندہ اسٹیل میلٹرز نے کہا کہ ٹیکس چوری کی وجہ سے اسٹیل انڈسٹری گرتی جا رہی ہے اسٹیل سیکٹرمیں 70 سے 80 ارب ٹیکس چوری ہو رہی ہے، اسٹیل شعبےمیں بڑی اسمگلنگ ہوتی ہے جسے بند ہونا چاہیے کراچی میں 30سے40 لاکھ ٹن اسٹیل اسکریپ غیر رجسٹرڈ ہے جب کہ ایران سے آنے والے اسکریپ کو بھی بند کیا جانا چاہیے۔
چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہر بار اسٹیل کی قیمت ایف بی آر کیوں فکس کرتاہے؟ کسی مینوفیکچرر کی لاگت کم ہوتی ہے کسی کی زیادہ ہوتی ہےجس پر ایف بی آرحکام نے بتایا کہ ہم نےدوسرے شعبوں میں بھی قیمتیں فکس کی ہوئی ہیں۔
اسٹیل مینوفیکچررز نے کہا کہ اسٹیل کا ریٹ فکس کرنے سے ہمارا کاروبار تباہ ہو گیا ہے جس پر چیئرمین کمیٹی نے یقین دلایا کہ ہم اسٹیل کی قیمتوں کوفکس کرنےکامعاملہ حل کریں گے۔