اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معاونِ خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کو امور داخلہ مقرر کردیا جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق معاونِ خصوصی برائے احتساب کواب مشیر برائے امور داخلہ بھی مقرر کردیا گیا، شہزاد اکبر کی تقرری کا نوٹی فکیشن جار ی کردیا گیا جس کے بعد اب انہیں وزیر مملکت کا درجہ حاصل ہوگیا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق شہزاد اکبر کا عہدہ وزیر مملکت کے مساوی ہوگا۔ قبل ازیں شہزاد اکبر نے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے ہمراہ وزیر اعظم سے اہم ملاقات کی تھی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم سے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی ملاقات
ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے وزیراعظم کو ملک کی بہترین خدمت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ دیانت داری اور مکمل عزم کے ساتھ ملک کی بھرپور خدمت کروں گا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتصادی جرائم، امیگریشن سے متعلق جرائم کے خلاف جنگ اہم ایجنڈا ہے، بلا امتیاز احتساب بھی تحریک انصاف کی حکومت کا اہم ایجنڈا ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ کرپشن، سائبر کرائمز، منی لانڈرنگ کے خلاف جنگ حکومت کا اہم ایجنڈا ہے، آپ ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔