کراچی : ایسوسی ایشن آف الیکٹرونک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز اور پی ایف یوجے نے صحافی فرحان ملک کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف الیکٹرونک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز اورپی ایف یو جے کی جانب سے صحافی فرحان ملک کی گرفتاری کی مذمت کی گئی۔
نیٹ ایمنڈ نے صحافی فرحان ملک کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی کو بدنیتی قراردیتے ہوئے کہا صحافی کےخلاف درج ایف آئی آر کے مندرجات مبہم ،غیرواضح اوربوگس ہیں۔
ایمنڈ کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کا مقصد ہراساں کرنے اور اختلاف رائے کو دبانے کے علاوہ کچھ نہیں، پہلے ہی واضح کہا تھا پیکا ترمیمی بل صحافیوں کے خلاف استعمال کیاجائے گا۔
ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے مطالبہ کیا حکومت، وزیرداخلہ اورڈی جی ایف آئی اےایسےمقدمات کی تحقیقات کرائیں۔
دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے گرفتاری پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا فرحان ملک کی گرفتاری آزادی اظہارکو دبانےکی مذموم کوشش ہے۔ یہ گرفتاری صحافیوں کوڈرانے دھمکانےکی ناکام کوشش ہے۔
پی ایف یو جے نے مطالبہ کیا صحافی کو فوری اورغیرمشروط طورپررہا کیا جائے، حکام جمہوریت کےاصولوں کااحترام کریں اور آزادی صحافت کاتحفظ کریں، گرفتاری کی شفاف تحقیقات کرائی جائے۔