اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ذاتی طور پر چوہدری نثار کے استعفی دینے کے حق میں نہیں ہوں، چوہدری نثار کا استعفی نہ دینا ہمارے لیے سود مند ہے، ان کی غلطیوں سے حکومت کو نقصان پہنچے گا۔
ا
اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کمیشن میں ضرور پیش ہوں لیکن کمیشن پر تنقید کرنا درست عمل نہیں، ان کا حق ہے کہ کمیشن کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف دیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ چوہدری نثار تو پریس کانفرنس میں اپوزیشن کے خلاف بول پڑے، رپورٹ تو کمیشن نے دی ہے میں نے تو کچھ نہیں کہا، دراصل چوہدری نثار کے سپر پر میرا نام سوار ہوگیا ہے اور انہوں نے مجھ پر تنقید کی۔
پی پی کے سینیٹر نے کہا کہانہیں چاہیے کہ وہ پہلے خود پر لگائے گئے الزامات کی وضاحت کریں کیوں کہ سانحہ کوئٹہ پر بنے کمیشن نے چوہدری نثار پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں ویسے بھی انہیں پریس کانفرنسز کرنے کا بہت شوق ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے انکوائری کمیشن نے اختیارات سے تجاوز نہیں کیا،بلوچستان کے واقعے پر صوبائی اور وفاقی حکومت کا کردار واضح ہوگیا،سیکیورٹی سے متعلق معاملات میں وزارت داخلہ آگے ہوتا ہے بڑے بڑے دعوے کرنے والے اپنا کام تو ذمہ داری سے ادا کریں۔