اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ آرمی کی حمایت میں پوسٹرز حکومت نے خود لگوائے جن کا مقصد دبائو ڈالنا ہے، آرمی کو ایسے پوسٹرز کی ضرورت نہیں، فوج قوم کے دلوں میں زندہ رہتی ہے۔
الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن چوہدری کا کہنا تھا کہ میرا قیاس ہے کہ دبائو ڈالنے کے لیے پوسٹرز حکومت نے خود لگوائے ہیں،حکومت کو چاہیے کہ اس قسم کے بینرز فوری ہٹائے، ایسے بینرز سے فوج کو کوئی فائدہ نہیں، فوج قوم کےدلوں میں رہتی ہے انہیں اس قسم کے بینرز کی ضرورت نہیں،حکومت اس قسم کے بینرز اور پوسٹرز کی فوری تحقیقات کرے۔
اس حوالے سے پیپلزپارٹی کےرہنما قیوم سومرو کا کہنا ہے کہ جب حکومت نااہل ہوگی تو بینرز ہی لگیں گے، جب وزیراعظم نظرنہیں آئےگاتوعوام پوسٹرزلگائیں گے دراصل حکومت نے اس قسم کے بینرز لگانے کا موقع خود فراہم کیا۔